اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):وزیر داخلہ محسن نقوی نے کچلاک میں بوستان روڈ پر پولیس موبائل کے قریب ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان میں وزیر داخلہ نے حملے میں شہید ہونے والے دو پولیس افسران کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے فرائض کی انجام دہی کے دوران ان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔ محسن نقوی نے شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمی افسر کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم شہید افسران کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بلوچستان پولیس کی بے مثال قربانیوں کو سراہا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے قوم کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کو شکست دینے کے لئے قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پوری قوم کی جنگ ہے اور عوام کی حمایت سے یہ جنگ آخری دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خاتمے تک جاری رہے گی۔