وزیر داخلہ نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے صحافی کا نام نکالنے کا حکم دیدیا

116

اسلام آباد ۔ 14 اکتوبر (اے پی پی) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے آزادی صحافت اور آزاد میڈیا کے پختہ عزم اور خیر سگالی کے جذبے کا اعادہ کرتے ہوئے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے صحافی سرل المیڈا کا نام نکالنے کا حکم دیا ہے۔ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) کی پریس ریلیز کے مطابق صحافی کے نام کے اخراج سے معاملے کی جاری انکوائری پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور نیوز آئٹم کی ذمہ داری کے تعین کے لئے تحقیقات جاری رہے گی۔ یہ فیصلہ آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) اور کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے مشترکہ وفد کی وزیر داخلہ سے ملاقات میں کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر راﺅ تحسین علی خان بھی موجود تھے۔ وزیر داخلہ نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ آزاد میڈیا نہ صرف قومی مفادات کے تحفظ کے لئے اپنا کردار ادا کرے گا بلکہ ریاست کے دشمنوں کے منفی پروپیگنڈا کا بھی خاتمہ کرے گا۔