اسلام آباد ۔ 7 اکتوبر (اے پی پی) وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے نادرا آفس کےلئے ایک کرائے کی عمارت کی ہائرنگ کے سلسلے میں پیپرا رولز کی سنگین خلاف ورزیوںکا نوٹس لیتے ہوئے نادرا کے ڈائریکٹرجنرل سمیت تمام متعلقہ آفیشلز کو معطل کردیا ۔ وہ اسلام آباد میں عمارت کی ہائرنگ کے عمل کا حصہ تھے ۔ ایف آئی اے نے کنٹریکٹس کی ناقص شقوں اور بھاری رینٹ کے ساتھ ایک کرائے کی عمارت کی ہائرنگ پر اپنی انکوائری رپورٹ پیش کی تھی۔ وزیر داخلہ نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نادرا کو ہدایت کی کہ وہ پاکستان میں اپنے سنٹرزکےلئے کسی بھی عمارت کی ہائرنگ سے گریز کریں، نادرا سنٹرز پر شہریوں کی سہولت کےلئے نادرا نے 31 اکتوبر 2016ءسے ادارے کے عملہ کی بدسلوکی پر پنلٹی کی شق متعارف کرائی ۔ وزیر داخلہ نے نادرا انتظامیہ سے کہا کہ دوسرے مرحلے میں نادرا کے ایسے عملہ کے خلاف ڈیجیٹائزکمپلینٹ سنٹرقائم کیا جائے ، ای پاسپورٹ کے پہلے مرحلے سے متعلق وزیر داخلہ نے کہا کہ اسے مئی تا جون 2017ءمیں شروع کیا جائے ، پہلے مرحلے میں سرکاری اور ڈپلومیٹک پاسپورٹ جاری کئے جائیں گے ۔ انہوں نے ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کو ہدایت کی کہ 10 سالہ میعاد کے ای پاسپورٹ کے اجراءکےلئے ایک جامع حکمت عملی تیارکی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ مرحلہ وار انداز میں دو سالوں کے اندر ای پاسپورٹ کے عمل کو مکمل کیا جائے۔ آن لائن پاسپورٹ سروسز سے متعلق انہوں نے فیصلہ کیا کہ آئندہ پیر سے اس کا باضابطہ افتتاح کیا جائے گا۔