اسلام آباد ۔ 14 اکتوبر (اے پی پی) وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے وفاقی دارالحکومت میں رش کے اوقات میں مختلف بڑے چوراہوں پر ٹریفک جام کا سخت نوٹس لیتے ہوئے نادرا اور اسلام آباد ٹریفک پولیس کو ہدایت کی ہے کہ ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لئے ایک جامع ڈیجیٹل پلان پیش کیا جائے تاکہ تمام شہریوں بالخصوص جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد کے مابین روزانہ کی بنیاد پر سفر کرنے والوں کی مشکلات کم ہوسکیں۔ جمعہ کو وزارت داخلہ کے ترجمان کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق وزیر داخلہ نے اس حوالے سے نادرا اور اسلام آباد ٹریفک پولیس کو ہدایت کی ہے کہ جڑواں شہروں کے درمیان چلنے والی گاڑیوں کےلئے اسلام آباد ہائی ویز کے انٹری اور ایگزٹ پوائنٹس پر علیحدہ لینز بنانے کے ساتھ ای ٹیگ سسٹم متعارف کرایا جائے۔