
اسلام آباد۔ یکم مارچ (اے پی پی) وزیر داخلہ پروفیسراحسن اقبال نے کہا ہے کہ پولیس جدید دور کے تقاضوں سے خود کو ہم آہنگ کرے، اسلام آباد پولیس کو نہ صرف پورے ملک بلکہ خطے کے لئے مثال بنایا جائے گا، کوئی کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو کسی کمزور پر میلی نگاہ نہ اٹھا سکے، محض جدید آلات اور کمپیوٹرز کی فراہمی سے نہیں رویے بدلنے سے پولیس صحیح معنوں میں مثالی پولیس بنے گی۔ جمعرات کو تھانہ سیکرٹریٹ میں ماڈل تھانے کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرداخلہ نے کہاکہ تین سال پہلے وزارت منصوبہ بندی و ترقی کے وزیر کی حیثیت سے ہدایت کی تھی کہ ماڈل پولیس سٹیشن بنائے جائیں جو ملک کے لئے ایک مثال ثابت ہوں۔ بد قسمتی سے یہ کام تاخیر کا شکار ہوا۔ میں نے وزارت داخلہ کا چارج لیتے ہی اس منصوبے کو مکمل کرنے کی ہدایت کی اور آج اس وڑن کی تکمیل ہوئی ہے جس پر اسلام آباد کو مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ دنیا ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل انقلاب کی دنیا ہے، ہمیں نئے دور کے تقاضوں سے خود کو ہم آہنگ کرنا ہو گا کیونکہ ٹیکنالوجی دنیاکو بدل رہی ہے۔ اس لئے ہمیں بھی خود کو بدلنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ سمارٹ پولیسنگ کا دور ہے جس میں ٹیکنالوجی سے استفادہ کئے بغیر پولیسنگ کا تصور ممکن نہیں۔ انہوں نے اسلام آباد پولیس کو سمارٹ پولیس بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا جائے گا اور یہ نہ صرف باقی ملک بلکہ خطے کے لئے مثال ہو گی۔