اسلام آباد ۔ 7 مارچ (اے پی پی)وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت نادرا ہیڈ کوارٹر میں اجلاس منعقد ہوا،جس میں ریڈمشین کیس مینجمنٹ سسٹم (آر سی ایم ایس) کا جائزہ لیا گیا۔ بدھ کو جاری بیان کے مطابق یورپی یونین ممالک کے سفیروں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہا کہ انسانی سمگلنگ کو روکنا حکومتی پالیسی کا حصہ ہے، ہم نے اس سلسلے میں فعال اقدامات کئے ہیں،پورے ملک میں انسانی سمگلروں کے خلاف کریک ڈاﺅن جاری ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ہم کسی پاکستانی کو غیر قانونی طور پر دنیا میں کہیں بھی رہنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ پاکستان ان ممالک میں شامل ہو چکا ہے جنہوں نے ای پاسپورٹ کی سہولیات شروع کردی ہےں جس میں جعلسازی کو کم سے کم کرنے اور دنیا کے کسی دوسرے ملک میں رہنے والے پاکستانیوں کی شناخت کی تیز رفتار توثیق شامل ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں غیر معمولی قربانیاں دی ہیں۔ دنیا کو امن پسند ملک کے طور پر پاکستان کے عزم کو دیکھتے ہوئے ہماری کامیابیوں کو تسلیم کرنا چاہئے۔