
اسلام آباد ۔ 20 ستمبر (اے پی پی) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے ملاقات کی جس میں مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں پر ریاستی ظلم و ستم اورانسانی حقوق کی پامالی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جائز اور منصفانہ جدوجہد کو ریاستی جبر سے دبایا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نہ تو بھارتی دھمکیوں سے مرعوب ہو گا اور نہ ہی کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت سے پیچھے ہٹے گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوںسے انحراف نہ صرف اقوام متحدہ بلکہ جمہوری اقداروں کے علمبرداروں کےلئے لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی قیادت کی جانب سے پاکستان پر بلاجواز الزامات کی روش اور معنی خیز مذاکرات سے گریز خطہ میں امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔