لندن ۔ 17 نومبر (اے پی پی) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے لندن میں لارڈ نذیر احمد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک برطانیہ تعلقات، برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے کردار اور ان کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ الطاف حسین کے معاملہ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ لارڈ نذیر احمد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی ملک کا اثاثہ ہیں، ان کے ہر مسئلہ کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کےلئے ہر ممکنہ کوشش کی جائے گی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ الطاف حسین کا معاملہ پر حکومت پاکستان کو تحفظات ہیں۔ برطانوی سرزمین پر پاکستانی کے قتل میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لانا برطانوی حکومت کی قانونی و اخلاقی ذمہ داری ہے۔ لارڈ نذیر نے پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے حل کےلئے وزیر داخلہ کی ذاتی کاوشوں کو سراہا۔ علاوہ ازیں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے بریڈ فورڈ ویسٹ سے ممبر پارلیمنٹ ناز شاہ نے بھی ملاقات کی۔