وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے نادرا کے آن لائن شکایت نظام کا افتتاح کردیا

اسلام آباد ۔ 11 نومبر (اے پی پی) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے نادرا کے آن لائن شکایت نظام کا افتتاح کر دیا جس کے ذریعے شہری نادرا سے متعلقہ اپنی شکایات رجسٹر کرا سکیںگے۔ جمعہ کو نادرا ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ تقریب وزیر داخلہ نے سافٹ ویئر کا بٹن دبا کر افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ عوام کی بہتری اور گڈ گورننس کیلئے حکومت نے کئی اقدامات شروع کئے ہیں، نادرا کے تحت میگا سنٹرز قائم کئے گئے ہیں جہاں شہری باآسانی اپنے شناختی کارڈز بنوا سکتے ہیں، پاسپورٹس دفاتر، ایف آئی اے اور ویزوں کے نظام کو بہتر بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سالہاسال سے یہ سلسلہ چل رہا تھا کہ کوئی بھی ملک کسی بھی جہاز پر کسی شخص کو بٹھا کر پاکستان بھیج دیتا تھا اور ہم اسے پاکستانی کے طور پر قبول کر لیتے تھے، کبھی کسی نے اس حوالہ سے سوال اٹھانے کی جرا¿ت نہیں کی، اب کوئی کسی غیر پاکستانی کو پاکستان نہیں بھجوا سکتا اور جن ایئر لائنز نے ایسا کیا ان کو کروڑوں روپے کے جرمانے کئے گئے جس طرح دوسرے ملکوں میں پی آئی اے کو کئے جاتے ہیں۔