وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں اعلیٰ فوجی افسران سے خطاب

95
APP29-02 ISLAMABAD: March 02 - Interior Minister Ch. Nisar Ali Khan addressing senior military officers from NDU. APP

اسلام آباد ۔ 2 مارچ (اے پی پی) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے اندرونی و بیرونی دشمنوں میں ناپاک اتحاد موجود ہے ، جس کے وا ضح ثبوت موجود ہیں،سول اور عسکری قیادت کے مابین بہتر کوآرڈینیشن اور قریبی تعاون ریاست کے مفاد میں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں اعلیٰ فوجی افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ سول و عسکری قیادت میں بہتر تعلقات ہمارے دشمنوں کے علاوہ دوستوں کا روپ دھارنے والوں کو بھی کھٹکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمن اپنے درپردہ مقاصد کے لئے ان تعلقات میں دراڑ دیکھنے کے خواہاں ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سول اور عسکری تعلقات پاکستان کے مفاد میں ہیں اور ان کے مطلوبہ نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ ملک کی اندرونی سلامتی کی پالیسی پر بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ سلامتی آج کے دور میں ایک کثیر الجہتی مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے جن سے نمٹنے کے لئے ریاست کے تمام اداروں کو مل کر جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے تاہم انہوں نے کہا کہ یہ بھی تسلیم کیا جانا چاہئے کہ ملک میں سلامتی کی صورتحال 2013ءکے مقابلے میں کہیں بہتر ہے۔