وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا ٹیکسلا میں منتخب نمائندوں، علاقہ کے معززین اور مقامی رہنماﺅں سے خطاب

ٹیکسلا ۔ 31 مارچ (اے پی پی) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ عزت کردار سے ہوتی ہے عہدے سے نہیں، ٹیکسلا کا منتخب نمائندہ نہ ہونے کے باوجود پچھلے تین سالوں میں اربوں روپے کے ترقیاتی کام کرائے۔ منتخب ہونے والے نمائندے نے پیپلز پارٹی سے لیکر ق لیگ تک اور پھر جنرل مشرف سے لیکر پی ٹی آئی تک پارٹیاں بدلنے کے ریکارڈ قائم …

ٹیکسلا ۔ 31 مارچ (اے پی پی) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ عزت کردار سے ہوتی ہے عہدے سے نہیں، ٹیکسلا کا منتخب نمائندہ نہ ہونے کے باوجود پچھلے تین سالوں میں اربوں روپے کے ترقیاتی کام کرائے۔ منتخب ہونے والے نمائندے نے پیپلز پارٹی سے لیکر ق لیگ تک اور پھر جنرل مشرف سے لیکر پی ٹی آئی تک پارٹیاں بدلنے کے ریکارڈ قائم کیے۔ جمعہ کو یہاں ٹیکسلا میں منتخب نمائندوں، علاقہ کے معززین اور مقامی رہنماﺅں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ ٹیکسلا ایک تاریخی شہر ہے اسکا منتخب نمائندہ باعزت اور با کردار ہونا چاہیے اور علاقے کے لئے بدنامی اور جگ ہنسائی کا باعث نہ بنے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ واہ میں ایک بہت بڑے ہسپتال کے قیام کے ساتھ ساتھ ریسکیو 1122 اور نئے اسکولوں کا اجرا پورے علاقے کے لیے باعث اطمینان اور راحت ہوگا۔ پی او ایف کے ملازمین کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ میاں نواز شریف کی وہ واحد حکومت ہے جس نے 1999ءمیں بھی پی او ایف کے لیے اسپیشل پیکیج کا اعلان کیا اور ایک بار پھر پی او ایف کے ملازمین کو ایک تاریخی پیکیج دیا جو بدقسمتی سے پی او ایف انتظامیہ کی نااہلی اور بد نظمی کی وجہ سے تعطل کا شکار ہوا ہے مگر انشا اللہ اسے ہر حالت میں بحال کرایا جائے گا اور پی او ایف کا ایک ایک مزدور اس سے مستفید ہوگا۔ وزیر داخلہ نے ٹیکسلا میں مختلف بلدیاتی کمیٹیز کا بھی اعلان کیا جو کرپشن کی روک تھام ، ترقیاتی کاموں کو وسعت دینے اور حلقے کے عوام سے قریبی تعلق رکھنے میں مددگار اور معاون ثابت ہوں گی۔

Leave a Reply