اسلام آباد ۔ یکم اگست (اے پی پی) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ جعلی شناختی کارڈز اور پاسپورٹس قومی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں، ان کو ہر صورت ختم کیا جائے گا، ایک ماہ سے بھی کم مدت میں اس مہم کے انتہائی حوصلہ افزاءنتائج سامنے آئے ہیں اور شہریوں کی طرف سے 26 لاکھ پیغامات نادرا کو موصول ہوئے ہیں جبکہ 18 لاکھ پیغامات نادرا نے ارسال کئے ہیں، 37 ہزار لوگوں نے ہیلپ لائن پر کال کی، اب تک 23 ہزار غیر متعلقہ افراد کی نشاندہی ہوئی ہے، آئندہ ماہ سے جعلی شناختی کارڈز بنوانے والوں کے خلاف مقدمات کے اندراج کا آغاز ہو جائے گا جس کی سزا 14 سال قید ہے، ستمبر سے جعلی شناختی کارڈز رکھنے والوں کی گرفتاریاں شروع ہوں گی، کراچی آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، سیاسی بیک گراﺅنڈ والی گرفتاری ہوتی ہے تو آپریشن کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی جاتی ہیں، اندرون سندھ بھی رینجرز نے 154 آپریشن کئے جن میں 533 افراد کو گرفتار کیا گیا، نیشنل ایکشن پلان کے 20 میں سے 15 نکات پر پیشرفت تسلی بخش ہے، بھارتی وزیر داخلہ سے ملاقات کیلئے بے تاب نہیں ہوں۔ پیر کو یہاں پنجاب ہاﺅس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن کے حوالہ سے رینجرز کے اختیارات، شناختی کارڈز کی تصدیق کی مہم اور نیشنل ایکشن پلان کے حوالہ سے ہونے والے اجلاس کے بارے میں بات کرنے کیلئے پریس کانفرنس منعقد کی جا رہی ہے۔