وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا پریس کانفرنس سے خطاب

139

اسلام آباد ۔ 12 اگست (اے پی پی) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ سیکورٹی اداروں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں، پونے دو سال میں 20 ہزار انٹیلی جنس آپریشن کئے گئے، ہزاروں واقعات کو ہونے سے روکا، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سے حالات بہتر ہوئے، ہمیں یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہئے، دہشت گردوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کیا جائے گا، پیپلز پارٹی کے رہنماﺅں کو میڈیا پر مذاکرے، ریٹائرڈ ججز پر مشتمل کمیشن یا سپریم کورٹ میں معاملہ لے جانے کا چیلنج دیتا ہوں، میرے خلاف بیان دینے والے ذاتیات پر اتر آئے ہیں، ان کی سطح پر نہیں جانا چاہتا، ورنہ بہت کچھ کہہ سکتا ہوں، اپوزیشن نے قومی اسمبلی میں پوائنٹ سکورنگ کی، پاکستان اور بھارت کے مابین مسائل کا مذاکرات کے سوا کوئی حل نہیں، بھارت کے پاس کوئی اور حل ہے تو بتا دے، بھارتی وزیر داخلہ کی آمد پر مہذب احتجاج ہوا، کسی کا منہ کالا نہیں کیا گیا، پاکستان کی تضحیک پر خاموش نہیں رہوں گا آئندہ بھی جواب دوں گا، شناختی کارڈز کی تصدیق کے عمل میں اب تک 3 کروڑ 12 لاکھ کارڈز کی تصدیق کی جا چکی۔جمعہ کو پنجاب ہاﺅس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ جنہوں نے نیشنل ایکشن پلان دیکھا ہی نہیں وہ بھی اس پر تبصرہ کرتے ہیں۔