اسلام آباد ۔ 28 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی روک تھام اور ویب سائٹس بلاک کرنے کے معاملے پر مثبت پیش رفت ہو رہی ہے، فیس بک انتظامیہ ایف بی آئی اور امریکہ کے محکمہ جسٹس نے ہمارے تحفظات دور کرنے اور تعاون کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ ماضی میں بغیر ویزا اور جعلی دستاویزات پر لوگ پاکستان آتے جاتے تھے مگر اب ایسا نہیں چلے گا، اب کسی کی جرائت نہیں کہ غیر ملکیوں کے جہاز بھر کر پاکستان بھیجے، امیگریشن سروس کو ایف آئی اے سے الگ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، سابق صدر آصف علی زرداری کو اپنے حلقہ انتخاب اور آبائی گاﺅں میں خوش آمدید کہتے ہیں، پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کو نہ صرف سیکورٹی دوں گا بلکہ اپنے آبائی گھر چائے پر بھی بلانے کیلئے تیار ہوں ، انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کی ضمانت ضبط ہوجائیگی۔ وہ منگل کو یہاں پنجاب ہاﺅس میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ غیر ملکیوں کو ویزوںکا معاملہ انتہائی حساس ہے۔ اکثر غیرملکی ویزا کے بغیر پاکستان میں داخل ہو جایا کرتے تھے۔ گزشتہ ادوار میں مخصوص ایئر پورٹس سے غیر ملکیوں کو داخلے کی اجازت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بغیر دستاویز ات پاکستان آنے والے کئی غیر ملکیوں کو ہمارے دور میں ائیر پورٹ سے ہی واپس بھجوا دیا گیا۔ ویزوں کے معاملے میں غیر ملکی کمپنیوں کی نگرانی بھی سخت کر دی گئی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم نے غیر ملکی ایئر لائنز کو 9 کروڑ روپے کا جرمانہ بھی کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=48232