وزیر داخلہ کی برطانوی وزیراعظم تھریسامے سے گفتگو

135

لندن ۔ 15 نومبر (اے پی پی) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے برطانوی وزیراعظم تھریسامے کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ ان کے دور میں پاکستان اور برطانیہ کے مابین تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ 10 ڈاﺅننگ سٹریٹ لندن میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور برطانوی نیشنل سیکورٹی ایڈوائزر سرمارک لائل گرانٹ کی ملاقات کے دوران برطانوی وزیراعظم تھریسامے بھی پہنچ گئیں اور انہوں نے برطانوی وزیراعظم کی جانب سے وزیراعظم اور پاکستانی عوام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ برطانوی وزیراعظم تھریسامے کا کہنا تھا کہ وہ 2017ءکے پہلے حصے میں پاکستان کا دورہ کریں گی۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے وزیراعظم تھریسامے کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ ان کے دور اقتدار میں پاک برطانیہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تھریسامے کے دور میں پاکستان سے مختلف سطحوں پر جاری پاکستان اور برطانیہ کے مابین تعاون کو بھی مزید تقویت ملے گی۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیاءمیں پائی جانے والی حالیہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں وزیراعظم تھریسامے کا دورہ بہت اہم، موزوں اور بروقت ہوگا اور اس سے دوطرفہ اور کثیر الاطراف تعاون اور کوآرڈینیشن کو مزید فروغ ملے گا۔