اسلام آباد ۔ 30 مارچ (اے پی پی) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی ہدایت پر بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں کی رجسٹریشن کے پالیسی فریم ورک کے تحت تقریباً 70 بین الاقوامی غیر سرکاری اداروں کو کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے جمعرات کو اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی جس میں سیکرٹری داخلہ‘ ایڈووکیٹ جنرل ‘ چیئرمین نادرا‘ چیف کمشنر اسلام آباد کے علاوہ وزارت داخلہ‘ ایف آئی اے اور پولیس کے سینئر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے وزارت داخلہ کے کام کو سراہتے ہوئے بین الاقوامی غیر سرکاری اداروں کی زیر التواءدرخواستوں کو تیزی سے نمٹانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے وزارت داخلہ میں نادرا کی تکنیکی معاونت سے بین الاقوامی غیر سرکاری اداروں کی سہولت کے لئے جدید سہولت مرکز قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں بین الاقوامی غیر سرکاری اداروں کے آزادی سے کام کرنے کا خیر مقدم کریں گے لیکن وہ یہ بات واضح کرنا چاہتے ہیں کہ اب کسی بھی غیر ملکی سرکاری ادارے کو کام کرنے کی اجازت کا غلط استعمال نہیں کرنے دیا جائے گا۔ ہم کسی کو بین الاقوامی غیر سرکاری ادارے کے لبادے میں اپنے قومی سلامتی مفادات کے خلاف کام کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ غیر ملکیوں بالخصوص پاکستانی شہریوں سے شادی کرنے والے غیر ملکیوں کو پاکستان اوریجن کارڈ کے اجراءسے متعلق وزیر داخلہ نے نادرا کو ہدایت کی کہ پاکستانی شہری سے شادی کرنے والے/والی غیر ملکی مرد یا خاتون کو پاکستان میں قیام کی سہولت دینے کے لئے نئے کارڈ کی فراہمی پر کام کیا جائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=48537