حکومت پاناما پیپرز کی شفاف تحقیقات چاہتی ہے، اگلے 48 گھنٹوں میں کمیشن کے قیام کا اعلان متوقع ہے
سلامتی کونسل کے مستقل ارکان اور ایرانی حکومت کو پاکستان میں بھارتی خفیہ ایجنسی کے افسر کی گرفتاری اور سرگرمیوں سے متعلق آگاہ کیا گیا ہے
وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی نیویارک میں پاکستانی صحافیوں سے گفتگو
نیویارک ۔ 21 اپریل (اے پی پی) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ حکومت پاناما پیپرز کی شفاف تحقیقات چاہتی ہے اور اس مقصد کے لئے کمیشن قائم کرنے کی طرف پیشرفت کی گئی ہے، اگلے 48 گھنٹوں میں کمیشن کے قیام کا اعلان متوقع ہے،سلامتی کونسل کے مستقل ارکان برطانیہ، چین، فرانس، روس اور امریکہ کے نمائندوں اور ایرانی حکومت کو پاکستان میں بھارتی خفیہ ایجنسی کے افسر کی گرفتاری اور سرگرمیوں سے متعلق آگاہ کیا گیا ہے ۔ امریکہ میں مقیم پاکستانی صحافیوں سے اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی کی رہائش گاہ پر بات چیت کے دوران وزیر داخلہ نے پاناما لیکس سے متعلق سوالات کے جواب میں کہا کہ بعض اشتعال انگیز بیانات سے ایسا ماحول پیدا کر دیا گیا کہ سپریم کورٹ کے دو ریٹائرڈ ججوں نے کمیشن کی سربراہی کی پیشکش قبول کرنے سے معذرت کرلی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں اور افراد کی طرف سے جوڈیشل کمیشن اور پارلیمنٹ سے انکوائری کے مختلف مطالبات سامنے آئے، اب اس سلسلے میں کافی پیشرفت ہوئی ہے جس کا مثبت نتیجہ نکلے گا۔