وزیر داخلہ کا خاران میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران شہید ہونے والے فرنٹیئر کور کے جوان کو خراج عقیدت

54

اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بلوچستان کے علاقے خاران میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران شہید ہونے والے فرنٹیئر کور کے جوان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم کو اپنے شہداء پر فخر ہے۔

جمعہ کو وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق بلوچستان کے علاقے خاران میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں دہشت گردوں کا صفایا ہو گیا۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سکیورٹی آپریشن کے دوران شہید ہونے والے فرنٹیئر کور بلوچستان کے سپاہی کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وطن دشمنوں کے خلاف سکیورٹی اداروں نے عظیم قربانیاں دی ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ فرنٹیئر کورز بلوچستان کا سپاہی فدا الرحمن بھی آج وطن پر قربان ہوگیا۔ پوری پاکستانی قوم کو اپنے شہدا پر فخر ہے۔