
لندن ۔ 15 نومبر (اے پی پی) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ بھارت کا جارحانہ رویہ خطے کے امن و استحکام کے لئے خطرہ ہے، پاکستان بھارت سے مرعوب نہیں ہوگا اور بھارت کی طرف سے اپنے فوجیوں کو شہید کئے جانے پر بدلہ لینے کا حق رکھتا ہے۔ برطانوی نیشنل سیکورٹی ایڈوائزر سے ملاقات کے دوران وزیر داخلہ نے اس امر پر زور دیا کہ بین الاقوامی برادری اور خصوصاً دوست ممالک خطے میں بھارتی ہٹ دھرمی پر توجہ دیں اور اپنے ردعمل کا اظہار دیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا استبدادانہ اور جارحانہ رویہ خطے کے امن اور استحکام کے لئے خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ان ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہوگا اور وہ بغیر کسی اشتعال بھارت کی جانب سے اپنے فوجیوں کو شہید کئے جانے پر بدلہ لینے کا حق رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری اور ہمارے دوست ممالک کو پاکستان کے خلاف بھارتی عزائم ناکام بنانے کےلئے مزید کوششیں کرنی چاہئیں اور جنوبی ایشیاءکو بھارتی عدسے سے نہیں دیکھنا چاہئے۔ دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ پر بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی کی عفریت نہ صرف علاقائی بلکہ بین الاقوامی امن و سکون کے لئے خطرہ ہے۔