حکومت دین کے لیے مدارس کی خدمات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی مفتی تقی عثمانی سے ملاقات میں گفتگو

180

کراچی ۔4اکتوبر (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ حکومت دین کے لیے مدارس کی خدمات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ کراچی کے دوران دارالعلوم آمد کے موقع پر ممتاز عالم دین اور صدر وفاق المدارس مفتی تقی عثمانی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں مدارس اور نظام تعلیم سمیت افغانستان کے معاملات پر بات چیت کی گئی۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ مساجد اور مدارس اسلام کے مینار ہیں، اسلام کی تبلیغ میں مدارس کا کردار بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مدارس کی دینی خدمات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

مفتی تقی عثمانی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی موجودہ صورتحال پر حکومت پاکستان کا موقف درست ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ دنیا طالبان حکومت کو وقت اور وسائل مہیا کرے، حالات بہتر ہو جائیں گے۔