وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سےایتھوپیا اور قازقستان کے سفیروں کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور اوردوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا

205
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سےایتھوپیا اور قازقستان کے سفیروں کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور اوردوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا

اسلام آباد۔5اکتوبر (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے ایتھوپیا اور قازقستان کے سفیروں نے الگ الگ ملاقاتیں کیں جس میں باہمی دلچسپی کے امور اوردوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ایتھوپیا کے سفیر بیکر عبداللہ سے ملاقات کے دوران وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان ایتھوپیا کے ساتھ بامقصد دفاعی ، فوجی اور انٹیلی جنس تعاون پر مبنی تعلقات کا خواہاں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایتھوپیا کو خطے کا قریبی، دوست،برادر اور انتہائی اہم ملک سمجھتا ہے۔ معزز مہمان نے وزیر دفاع کا شکریہ ادا کیا اور دفاعی شعبے میں مزید تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔بعدا زاں جمہوریہ قازقستان کے سفیر یرزان کستافین نے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے ملاقات کی۔

وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان قازقستان کے ساتھ قریبی دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ دونوں ممالک کو بے پناہ باہمی خیر سگالی اور افہام و تفہیم کی بنیاد پر ایک دوسرے کے مزید قریب لانے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ قازقستان اپنے جغرافیائی محل وقوع اور وسیع وسائل کی وجہ سے وسطی ایشیا کی ایک اہم ریاست ہے اور بین الاقوامی سطح پر بھی ایک اہم کردار ادا کرنے والا ملک ہے۔

اس بات پر تبادلہ خیال کیا گیا کہ پاکستان کی یہ خواہش ہے کہ قازقستان اپنے روڈ لنکس اور بندرگاہوں بشمول گوادر پورٹ کو تجارت کے لیے استعمال کرے۔

قازقستان کی تجارت ان سہولیات سے بہت فائدہ اٹھا سکتی ہے۔ معزز مہمان نے وزیر دفاع کا شکریہ ادا کیا اور دفاع کے شعبے میں تعاون میں مزید وسعت کی پیشکش کی۔