وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے جرمنی کے سفیر الفریڈ گراناس اور کرغزستان کے سفیر آوازبیک عطاخانو کی ملاقاتیں

111

راولپنڈی۔26فروری (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے جرمنی کے سفیر الفریڈ گراناس نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات ، دفاعی تعاون اور علاقائی استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں اطراف نے جرمنی اور پاکستان کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور انسداد دہشت گردی کی کوششوں سمیت مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے جاری تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

دونوں رہنمائوں کے درمیان بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔بعد ازاں وزیر دفاع و دفاعی پیداوار خواجہ محمد آصف سے جمہوریہ کرغزستان کے سفیر آوازبیک عطاخانو ( Avazbek Atakhanov) نے ملاقات کی۔ وزیر دفاع نے معزز مہمان کا استقبال کیا اور کہا کہ پاکستان کرغزستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان علاقائی اور بین الاقوامی تنظیموں کے فریم ورک کے اندر کرغزستان کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دیتا رہے گا۔کرغز سفیر نے پاکستان کی حمایت اور تعاون کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کی دفاعی صنعتوں اور ان کی مصنوعات کی صلاحیتوں کی تعریف کی اور دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔دونوں معززین نے اعلیٰ سطحی دوطرفہ کوآرڈینیشن کے لیے ادارہ جاتی فریم ورک کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔