وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے پاکستان میں انڈونیشیا کے سفیر ایم تونگیو ایڈم کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

189
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے پاکستان میں انڈونیشیا کے سفیر ایم تونگیو ایڈم کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے پاکستان میں انڈونیشیا کے سفیر ایم تونگیو ایڈم نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

وزیر دفاع نے معزز مہمان کا خیرمقدم کرتےہوئے کہا کہ پاکستان انڈونیشیا کے ساتھ باہمی احترام اور تعاون پر مبنی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ۔ وزیر دفاع نے کہا کہ انڈونیشیا اور پاکستان کے درمیان دہائیوں پرانے قریبی اور خوشگوار تعلقات ہیں جو تاریخی حیثیت کی حامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان اہم علاقائی معاملات پریکساں تاثرات ہیں۔انہوں نے ایشیا پیسفک ریجن میں ایک سازگار اور دیرپا پرامن ماحول پیدا کرنے کے لیے جکارتہ انٹرنیشنل ڈیفنس ڈائیلاگ کا پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لئے انڈونیشیا کی حکومت کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں انڈونیشیا کی حکومت کی کامیابی اور دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کو ختم کرنے کے لیے مشترکہ کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ علاقائی اور عالمی استحکام، سلامتی اور امن ہمارے مشترکہ مقاصد ہیں۔انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ پاکستان،انڈونیشیا کی دفاعی صنعتوں کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔