وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم کی ملاقات

246

اسلام آباد۔24فروری (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے جمعہ کو ملاقات کی۔وزیر دفاع نے امریکی حکومت کے ساتھ حکومتی فورم پر کامیاب بات چیت پر روشنی ڈالی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے شعبوں،دفاع، توانائی اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے خطے اور بالخصوص پاکستان کے لیے مستحکم اور خوشحال افغانستان کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ وزیر دفاع نے انسداد دہشت گردی سے روایتی دفاع کے دائروں تک دفاعی تعلقات کو مزید متنوع بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔

وزیر دفاع نے یہ بھی کہا کہ دنیا کو پاکستان کے کردار اور علاقائی امن و سلامتی کے لیے اس کی کوششوں کو تسلیم کرنا چاہیے۔دونوں فریقین کا موقف تھا کہ قومی اور علاقائی سلامتی ایک اہم اور مشترکہ موضوع ہے۔