اسلام آباد ۔25نومبر (اے پی پی) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ برہان وانی کی شہادت کے بعد مقبوضہ کشمیر میں کشمیر کی آزادی کی تحریک زور پکڑ گئی ہے‘ وزیراعظم مودی خون آلود ورثہ لے کر آئے ہیں‘ وہی مسلط کیا جارہا ہے‘ بھارت میں کئی علیحدگی پسند تحاریک چل رہی ہیں‘ بھارت کے اپنے اندرونی مسائل شدت پکڑ رہے ہیں‘ آپریشن ضرب عضب نے دہشت گردی کی کمر توڑ دی ہے ۔ جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول کے حوالے سے صورتحال پر بحث میں حصہ لیتے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ وزیر خارجہ کے حوالے سے اپوزیشن کی بات پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔ ذوالفقار علی بھٹو نے بھی غیر منتخب مشیر خارجہ عزیز الدین کو اپنے ساتھ رکھا۔