اسلام آباد ۔ 8 نومبر (اے پی پی) وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ایوان میں جذباتی تقاریر سے گریز کیا جانا چاہیے‘ اپوزیشن کی جانب سے ایوان کی کارروائی احسن طریقے سے چلانے کے لئے حکومت کے ساتھ تعاون کا جذبہ قابل تعریف ہے۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے پرویز خٹک نے بتایا کہ اس ایوان کا ماحول بہتر بنانے اور احسن انداز میں چلانے پر اپوزیشن نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی جو خوش آئند اور قابل تعریف ہے۔ سپیکر ایجنڈے کے مطابق ایوان چلائیں تو بہتری آئے گی۔ ایوان میں جذباتی تقاریر سے گریز کیا جائے۔ اخلاقیات کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دی جائے جو ذمہ دار کو سزا بھی تجویز کر سکے۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ آئندہ اسمبلی اجلاس کے دوران وقفہ سوالات یا توجہ دلاﺅ نوٹس کے موقع پر کوئی نکتہ اعتراض نہیں دیا جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=121177