اسلام آباد۔1اپریل (اے پی پی):وزیر دفاع پرویز خٹک نے پاکستان تحریک انصاف کو بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بڑے پیمانے پر کامیابی پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور خیبر پختونخوا کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ہم نے 65 میں سے 30 نشستیں حاصل کی ہیں، تحریک انصاف کے امیدواروں نے مجموعی طور پر 70 فیصد ووٹ حاصل کئے جبکہ باقی تمام جماعتوں نے صرف 30 فیصد ووٹ لئے۔
خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی پر اپنے ویڈیو بیان انہوں نے کہا کہ بڑے پیمانے پر کامیابی پر پی ٹی آئی کے سپورٹرز، ورکرز اور عوام کے مشکور ہیں، آج کے نتائج کے اثرات پاکستان کے آئندہ عام انتخابات پر بھی مرتب ہوں گے۔ پرویز خٹک نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف نے جس طرح پہلے کامیابی حاصل کی، اسی طرح آئندہ بھی کامیابیاں حاصل کرتی رہے گی اور عمران خان اگلی بار بھی وزیراعظم ہوں گے۔