لاہور۔2مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے جمعہ کو لاہور ریلوے اسٹیشن کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات اور ملازمین کی غیر حاضری پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ وزیر ریلوے نے سٹیشن پر موجود مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا اور متعلقہ حکام سے انتظامی امور پر سخت سوالات کیے۔
دورے کے دوران وزیر ریلوے نے صفائی کے ناقص انتظامات پر ڈویژنل میڈیکل آفیسر ڈاکٹر صائمہ ممتاز کو فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ سٹیشن ماسٹر لاہور کو بھی ملازمین کی غیر حاضری اور مجموعی غفلت پر سرزنش کا سامنا کرنا پڑا۔ وزیر ریلوے پیدل سٹیشن سے واشنگ لائن تک گئے اور وہاں بھی عملے کی کم تعداد پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تمام غیر حاضر ملازمین کو فوری طور پر ریلوے کے گھروں سے واپس بلانے کی ہدایت جاری کی۔
محمد حنیف عباسی نے کہا کہ ریلوے کی موجودہ حالت من پسند بھرتیوں اور ناقص انتظامی رویے کا نتیجہ ہے، لیکن اب سختی کی جائے گی، ریلوے کو کرپشن اور اقربا پروری سے پاک کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔وزیر ریلوے نے بدعنوانی کے متعدد کیسز کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے حوالے کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے تاکہ ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکے۔
وزیر ریلوے نے ریلوے سٹیشنوں پر خوراک کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے صوبائی فوڈ اتھارٹیز کو ریلوے اسٹیشنز پر چھاپے مارنے اور کھانے کے معیار کو چیک کرنے کی باقاعدہ اجازت دینے کا اعلان کیا۔اس اقدام کا مقصد عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
دورے کے اختتام پر وزیر ریلوے نے لاہور میں معروف روحانی مقام بی بی پاک دامن کے مزار پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور چادر چڑھائی۔ انہوں نے ملک میں امن، ترقی اور ریلوے کے بہتر مستقبل کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591233