لاہور۔25مارچ (اے پی پی):وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت بینک آف پنجاب ہیڈ آفس میں اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر اعلی کسان کارڈ کے فیز ون کے ریکوری امور کے علاوہ کسان کارڈ فیز ٹو کے میکانزم کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو اور صدر بینک آف پنجاب ظفر مسعود نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر زراعت نے کہا کہ کسان کارڈ کا پروگرام پنجاب کے زرعی شعبہ کی ترقی و کسانوں کی خوشحالی میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے،کسان کارڈ فیز ون پروگرام کامیاب رہا ہے جس سے کاشتکاروں کی بڑی تعداد مستفید ہوئی ہے،توقع ہے کسان کارڈ فیز ون میں کسانوں کی جانب سے ادائیگی کی شرح کافی حوصلہ افزا ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں کاشتکاروں کو قرض کی ادائیگی کے لیے بنک آف پنجاب کی برانچوں کے ساتھ رقم جمع کرانے کے لیے جاز کیش کے ذریعے سہولت میسر ہونی چاہیے ، اس سلسلہ میں سسٹم ڈویلپ کرنے کی ضرورت ہے،کسان کارڈ کی ریکوری کا پریڈ 15اپریل سے 15مئی تک کا ہے لیکن بہتر ہے کہ وہ 30اپریل تک اپنے قرض کی ادائیگی کر دیں جس کے باعث وہ یکم مئی سے کسان کارڈ فیز ٹو کے لیے اہل ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کسان کارڈ کے دوسرے فیز میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے 25ایکڑ تک اراضی رکھنے والے کاشتکاروں کو شامل کیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ چھوٹا کاشتکار کبھی بھی نادہندہ ثابت نہیں ہوتا ہے، کسان کارڈ فیز ٹو کے لیے فی ایکڑ قرض کی حد میں اضافہ کرکے 40ہزار روپے رکھی جائے گی اور پروسیسنگ فیس کو بھی کم کیا جائے گا،وزیر اعلی پنجاب کسان کارڈ کے دوسرے مرحلہ کے لیے ساڑھے سات لاکھ کسانوں کے لئے 75 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی جائے گی ،
علاوہ ازیں کسان کارڈ کے ذریعے دیگر زرعی مداخل کی خرید کے ساتھ ڈیزل کی خریداری بھی ممکن بنائی جائے گی،30فیصد کیش اور 25فیصد ڈیزل کی سہولت بھی کسان کارڈ ہولڈر کو میسر ہو گی۔صوبائی وزیر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈیزل کی سہولت کی فراہمی کے لیے پی ایس او کے 1866پٹرول پیمپس رجسٹرڈ ہو گئے ہیں جبکہ پنجاب بھر میں 3250مارچنٹس کی رجسٹریشن کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔
اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب نے کہا کہ کسان کارڈ کے فیز ون کے قرضوں کی ادائیگی کے لیے کاشتکاروں کو آگاہ کرنے کیلئے سوشل میڈیا کے ذریعے پیغامات بھجوانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ریکوری کے لیے محکمہ زراعت توسیع کے ضلعی وتحصیل سطح پر تعینات عملہ بینک آف پنجاب کے نامزد نمائندوں سے بھرپور تعاون کو یقینی بنائے گا۔ اجلاس میں اسپشل سیکرٹری زراعت آغا نبیل اختر، ڈائریکٹر جنرلز زراعت نوید عصمت کاہلوں،چوہدری عبدالحمید، بنک آف پنجاب اور پی آئی ٹی بی کے نمائندوں سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=576191