کوئٹہ۔ 15 جولائی (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت بلوچستان سردارزادہ میر فیصل خان جمالی نے ٹراما سینٹر سول ہسپتال میں ٹرائیج یونٹ کا افتتاح کیا۔اس موقع پر ایم ڈی ٹراما سینٹر ارباب کامران ، ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر فاروق ہوت ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر اسحاق پانیزئی ایم ایس بی ایم سی ڈاکٹر امین خان مندوخیل ، ڈین پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر نصیب اللہ زرکون ، چیف سرجن ٹراما سرجن اقبال جعفرڈپٹی ڈاٸریکٹر ٹراما ڈاکٹر حمیرا ، ڈاکٹر سلیم بوریوال ڈاکٹر سیدال خان ، ڈاکٹر جہانزیب اور دیگر معاونین موجود تھے۔
وزیر صحت بلوچستان سردارزادہ میر فیصل خان جمالی نے ٹراما سینٹر کے مختلف شعبہ جات کا بھی معائنہ کیا اور داخل مریضوں کی عیادت کی ۔انہوں نے ایم ڈی ٹراما سینٹر اور طبی عملے کے کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ ایم ڈی ٹراما سینٹر ڈاکٹر ارباب کامران کی ایمرجنسی صورتحال میں کارکردگی قابل ستائش ہے۔ اس موقع پرصوبائی وزیر صحت بلوچستان سردارزادہ میر فیصل خان جمالی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوے کہا کہ ہسپتال میں طبی مشینری اور ادویات کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ترجیح بنیادوں پر اقدامات کیے جارہے ہیں۔
ایم ڈی ٹراما سینٹر نے کہاکہ ٹرائیج کا مقصد جن افراد کو جان لیوا خطرناک چوٹ یا زخم کے لیے فوری توجہ کی ضرورت ہوتی ہے اور اسے طبی مدد کے لیے پہلے منتقل کیا جائے، ٹرائیج یونٹ متاثرین کی جان بچانے کے لیے معیاری ہنگامی علاج تک وقت کے لحاظ سے حساس اور مساوی رسائی فراہم کرے گا،اس ضروری یونٹ کے کھلنے سے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں انتظار کا وقت کم ہو جائے گا اور ان نازک معاملات کو ترجیح دی جائے گی جن میں استحکام اور طبی یا جراحی مداخلت کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائم کردہ ٹرائیج یونٹ 8 بستروں پر مشتمل ہے۔