کوئٹہ۔ 09 جولائی (اے پی پی):وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ کی زیر صدارت صوبے کے تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز (ڈی ایچ اوز)اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کے ساتھ اہم اجلاس آن لائن منعقد ہوئے جس میں محکمہ صحت کے اہم امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس کے دوران وزیر صحت نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہیومن ریسورس مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (HRMIS) میں تمام عملے کا اندراج ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ انسانی وسائل کی شفاف منصوبہ بندی ممکن بنائی جا سکے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ DHIS-2 میں ایسے تمام صحت کے مراکز کی نشاندہی کی جائے جو رپورٹنگ نہیں کر رہے اور اس حوالے سے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ ڈیٹا کی مکمل اور درست فراہمی ممکن ہو۔وزیر صحت نے اجلاس میں روزانہ کی کارکردگی کی نگرانی کے لیے مخصوص ایپلیکیشن کے ذریعے رپورٹنگ کے عمل کو باقاعدہ بنانے کے احکامات بھی دیئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے نگرانی کا نظام بہتر بنایا جا رہا ہے تاکہ خدمات کی فراہمی اور احتساب کا عمل مثر ہو۔اجلاس میں محکمہ صحت کے اعلی حکام، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔