وزیر صحت سید قاسم علی شاہ کا کینٹ بورڈ ممبر محمد اُسید سیٹھی کے ہمراہ صدر حسینیہ ہال امام بارگاہ سمیت دیگر امام بارگاہوں کا دورہ

189

پشاور۔ 15 جولائی (اے پی پی):وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے کینٹ بورڈ ممبر محمد اُسید سیٹھی کے ہمراہ محرم الحرام سلسلے میں پشاور صدر میں واقع امام بارگاہوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ وہ حسینیہ ہال امام بارگاہ سمیت دیگر امام بارگاہوں میں گئے۔ سیکیورٹی کے لئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا اور منتظمین سے بھی ملے۔ وزیر صحت نے کینٹ بورڈ میں واقع کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا جہاں پر ممبر کینٹ بورڈ محمد اُسید سیٹھی نے انہیں سیکیورٹی کیلئے کئے گئے انتظامات بارے بریفنگ دی۔

یہاں سے جاری اپنے بیان میں وزیر صحت کا کہنا تھا کہ محرم الحرام میں کسی بھی واقعے سے نمٹنے کیلئے محکمہ صحت سمیت دیگر لائن ڈیپارٹمنٹس اور سیکیورٹی کی بہترین تیاری کی گئی ہے۔ انہوں نے سیکیورٹی پر مامور سٹاف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس مہینے سے مذہبی ہم آہنگی اور باہمی رواداری کا درس ملتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ محرم الحرام کے لئے محکمہ صحت میں اپنا کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا جو کہ اضلاع کی سطح پر بنائے گئے تمام کنٹرول رومز کے ساتھ ہمہ وقت رابطے میں رہتا ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں صحت کی خدمات کی بروقت بجا آوری کو یقینی بناتا ہے۔