24.2 C
Islamabad
اتوار, اگست 31, 2025
ہومعلاقائی خبریںوزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی ڈیزاسٹر مینجمنٹ پنجاب خواجہ سلمان رفیق...

وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی ڈیزاسٹر مینجمنٹ پنجاب خواجہ سلمان رفیق کا سیالکوٹ کا دورہ، تازہ صورتحال کا جائزہ لیا

- Advertisement -

سیالکوٹ۔28اگست (اے پی پی):وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ پنجاب خواجہ سلمان رفیق وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر تازہ صورتحال کا جائزہ لینے سیالکوٹ پہنچ گئے ،انہوں نے ریسکیو حکام و دیگر اداروں کے افسران سے بریفنگ لی ۔ خواجہ سلمان رفیق نے رنگ پورہ چوک، بھیڈ نالہ، نالہ پلکھو اور نالہ ایک پر پانی کی طغیانی کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر اے ڈی سی آر عباس ذوالقرنین اور ایم ڈی واسا فیصل شہزاد بھی موجود تھے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کو گزرگاہوں سے آبادی اور مویشیوں کا انخلا مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

انہوں نے سیلاب کے دوران بروقت اقدامات پر انتظامیہ اور ریسکیو 1122کو شاباش دی۔ وزیر صحت نے سیلاب سے ہونے والے جانی نقصانات پر اظہار افسوس اور سیلاب سے متاثرہ سڑکوں و پلوں کو مکمل کرکے بحال کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیورز اپنی جان پر کھیل کر لوگوں کو بچا رہے ہیں، حکومت پنجاب مشکل وقت میں اپنے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے گھروں، لائیو سٹاک اور فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات کی تفصیلات مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی ہے جبکہ ہسپتالوں کو بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کےلئے الرٹ کر دیا گیا ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ دریائے ستلج، دریائے راوی اور چناب میں توقع سے زیادہ پانی آ رہا ہے، شہریوں کے تحفظ کی خاطر تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ریسکیو و ریلیف ادارے ہائی الرٹ رہیں، کوتاہی کی گنجائش نہیں، شہریوں تک کھانا، صاف پانی اور ادویات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے صوبے بھر میں مسلسل کوآرڈینیشن یقینی بنا رہی ہے۔

انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور دیگر ضلعی انتظامیہ کو فیلڈ میں متحرک رہنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ گھروں میں رہیں اور غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں