لیہ۔26مئی (اے پی پی):پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ صحت سہولت کارڈز حکومت کا انقلابی پروگرام ہے، عالمی سطح پر اس پروگرام کو سراہا گیا ہے، 100 ارب روپے کے منصوبے سے تمام شہری مستفید ہوں گے۔
بدھ کو لیہ میں صحت سہولت کارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کارڈ سے خاندان کے تمام افراد مستفید ہوں گے اور 7 لاکھ 20 ہزار روپے تک علاج کی سہولت حاصل کی جا سکے گی۔ ڈیرہ غازی خان اور ساہیوال ڈویژن کے لاکھوں افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں گے، 64 ہسپتال ہم نے پینل میں شامل کئے ہیں،
صحت سہولت کارڈ 100 ارب روپے کا منصوبہ ہے، کینسر کے مریض بھی اس پروگرام کے ذریعے علاج کی سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سات نئے زچہ بچہ ہسپتال بن رہے ہیں، میانوالی اور گنگا رام ہسپتال بھی جلد فعال ہو رہے ہیں، راجن پور، بہاولنگر، اٹک اور سیالکوٹ میں بھی زچہ بچہ ہسپتال بنائے جا رہے ہیں، ان علاقوں پر ماضی میں توجہ نہیں دی گئی، نشتر ہسپتال ملتان کی 40 سال کے بعد توسیع ہو رہی ہے، ڈیرہ غازی خان میں کارڈیالوجی ہسپتال بھی اگلے سال فعال ہو جائے گا۔
بنیادی صحت کے تمام مراکز کو بھی شمسی توانائی پر منتقل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو صحت کی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے، صحت کے محخموں میں 36 ہزار ملازمتیں دی گئی ہیں، جنوبی پنجاب کے لئے مزید 8 ہزار لیڈی ہیلتھ ورکرز مزید بھرتی کی جائیں گی۔