وزیر صحت پنجاب کا دورہ ملتان،مریم نواز ہیلتھ کلینک اور شہباز شریف ہسپتال میں سہولیات کا جائزہ لیا

167

ملتان۔ 19 فروری (اے پی پی):وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر نے ملتان کے علاقے قاسم بیلہ میں مریم نواز ہیلتھ کلینک کا دورہ کیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت تمام شہریوں کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کےلئے سنجیدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز ہیلتھ کلینک وزیر اعلیٰ پنجاب کا ایک انقلابی منصوبہ ہے جہاں مریضوں کےلئے جدید طبی سہولیات اور آلات فراہم کئے گئے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ جدید طرز کے اس کلینک میں تمام سسٹم ڈیجیٹل کیا گیا ہے اور مریضوں کو بنیادی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔خواجہ عمران نزیر نے مزید کہا کہ مریم نواز ہیلتھ کلینکس پر شہریوں کو 24 گھنٹے ہیلتھ سروسز میسر ہوں گی۔ اس موقع پر کمشنر ملتان نےکہا کہ ڈویژن میں 21 مریم نواز ہیلتھ سینٹرز اپ گریڈ کئے جارہے ہیں اور 188 مریم نواز ہیلتھ کلینکس کی تکمیل تیزی سے جاری ہے۔

بعد ازاں صوبائی وزیر نے شہباز شریف ہسپتال کا بھی دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے عملے کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ مریضوں اور ان کے لواحقین سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔انہوں نے کہا کہ بنیادی مراکز صحت کی اپ گریڈیشن کا کریڈٹ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو جاتا ہے ۔پنجاب حکومت کی یہ کوشش ہے کہ جنوبی پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں ادویات سمیت صحت کی تمام سہولیات فراہم کی جائیں اور اس سلسلے میں اقدامات کئے جا رہے ہیں۔