لاہور۔4اگست (اے پی پی):وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس منعقدہوا۔اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری رشدہ لودھی، سپیشل سیکرٹری آپریشنز طارق محمود رحمانی، سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ ذیشان شبیر رانا، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر محمد وسیم، ڈائریکٹر پی آئی ٹی بی نوشین فیاض، ایم ایس سروسز ہسپتال ڈاکٹر عابد محمود غوری اور ایم ایس جنرل ہسپتال ڈاکٹر فریاد حسین سمیت محکمہ صحت و آبادی کے افسران نے شرکت کی۔
صوبائی وزیر صحت نے اجلاس کے دوران پیشنٹ ریفرل سسٹم کے حوالہ سے اقدامات کا جائزہ لیا۔پی آئی ٹی بی کے افسران نے اس حوالہ سے ڈیش بورڈ بارے بریفنگ دی۔صوبائی وزیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق مریضوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیشنٹ ریفرل سسٹم کی کامیابی انشا اللہ گیم چینجر ثابت ہو گی،پیشنٹ ریفرل سسٹم کے بعد بڑے ٹرشری کیئر ہسپتالوں میں مریضوں کا دباؤ بھی کم ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر پیشنٹ ریفرل سسٹم کو میو ہسپتال لاہور، جنرل ہسپتال لاہور اور سروسز ہسپتال لاہور سے شروع کیا جا رہا ہے۔