ایبٹ آباد۔ 30 اپریل (اے پی پی):وزیر صنعت خیبر پختونخوا فضل کریم اور رکن صوبائی اسمبلی ملک عدیل اقبال نے کھلابٹ انڈسٹریل ایریا کا ہنگامی دورہ کیا،جس کا مقصد انڈسٹریل زون کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینا اور بحالی کے اقدامات کا اعلان کرنا تھا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کھلابٹ انڈسٹریل ایریا کو جدید بزنس حب میں تبدیل کیا جائے گا، 10 مرلے اور کنال کے صنعتی پلاٹس اوپن آکشن کے ذریعہ دستیاب ہوں گے۔
پلاٹس کے لئے آسان اقساط کی سکیم بورڈ سے منظوری کے بعد دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ زون میں 24 گھنٹے بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے گی، تمام بنیادی سہولیات (پانی، سڑکیں، انفراسٹرکچر) فراہم کیا جائے گا، مقامی ہنر مند اور بیروزگار نوجوانوں کو ترجیحی بنیادوں پر روزگار فراہم کیا جائے گا۔ اس اقدام سے مقامی معیشت کو فروغ اور ہزاروں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔
صوبائی وزیر صنعت نے کہا کہ متعلقہ اداروں کو فوری طور پر بحالی کے کام شروع کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=590361