وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور سے قزاخستان کے سفیر کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

130

اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور سے پاکستان میں قزاخستان کے سفیر نے جمعرات کو وزارت مذہبی امور میں ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر وزیر مذہبی امور نے گفتگو کرتے ہوئے دونوں مسلم ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر زور دیا ۔

قزاخستان کے سفیر نے بتایا کہ قزاخستان ایک بڑا اسلامی ملک ہے جس میں 70 فیصد آبادی مسلمانوں پر مشتمل ہے ۔ سفیر نے تجارتی، ثقافتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے پر زور دیا اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی مذہبی تعلقات کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔ سفیر نے قزاخستان کی سینیٹ کے سپیکر کی طرف سے وزیر مذہبی امور کو مسلم رہنمائوں کی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی اور بتایا کہ کانفرنس 14 اور 15 ستمبر 2022 کو قزاخستان میں منعقد ہو گی ۔

انہوں نے اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین کے ساتھ صدر اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کو بھی کانفرنس میں مدعو کیا۔ کانفرنس کا ایجنڈا مسلم دنیا کو درپیش مذہبی صورتحال اور مسائل پر بات کرنا ہے، وزیر مذہبی امور نے کانفرنس میں شرکت کی یقین دہانی کرائی اور حکومت کی کوششوں کو سراہا ۔

سفیر نے بتایا کہ نومبر میں دونوں ممالک کے درمیان بین الحکومتی جوائننگ کمیشن کا اجلاس منعقد ہوگا اور نومبر سے قزاخستان سے پاکستان اور اس کے برعکس براہ راست پروازیں بھی دونوں ممالک کے درمیان روابط کو مضبوط بنائیں گی۔

وزیرمذہبی امور نے قزاخستان کے مذہبی گروپوں کو پاکستان میں 19 مذہبی مقامات اورزیارات کے دورے کی دعوت دے کر مذہبی سیاحت اور روابط کو فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان ایک مفاہمت پر دستخط کرنے کی تجویز پیش کی۔ جس کاسفیر نےخیرمقدم کیا اور حکومتی سطح پر دستخطوں کی تجویز پیش کی۔