اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ سے پاکستان میں ازبکستان کے سفیر اوبیک عارف عثمانوف نے بدھ کو ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔فریقین نے دونوں ممالک کے مابین آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔وزیر مملکت آئی ٹی شزہ فاطمہ نے کہا پاکستان ازبکستان کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک کے مابین آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں تعاون بہت اہم ہے، پاکستان اور ازبکستان ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کر سکتے ہیں۔
ازبکستان کے سفیر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں، چاہتے ہیں کہ ازبکستان کی وزارت ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز اور پاکستان کی وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کا جائنٹ ورکنگ گروپ قائم ہو، ازبکستان پاکستان کے ساتھ اسٹارٹ اپس ایکسچینج پروگرام شروع کرنے کا بھی خواہاں ہے۔ملاقات میں ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل کوآرڈینیشن، وزارت آئی ٹی سید جواد علی شیرازی بھی موجود تھے۔