
اسلام آباد ۔ 23 مارچ (اے پی پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات ، نشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں ،یہ پاکستانی قوم کی لازوال قربانیوں کا ثمر ہے کہ پاکستان دہشت گردی سے پاک ہو رہا ہے اور امن کے اجالے نظر آ رہے ہیں،دہشتگردی کےخلاف پاکستانی قوم کا جذبہ لائق تحسین ہے، ہم نے قیام پاکستان سے لے کر تعمیر پاکستان تک بڑے بڑے سنگ میل عبور کئے ہیں اور ایک خوشحال پاکستان ابھر کر سامنے آ رہا ہے، دھرتی کے بیٹوں اور بیٹیوں نے اس مقصد کی خاطر اپنے لہو سے چراغ جلائے ہیں، 23 مارچ کا دن پاکستان کےلئے تاریخی اہمیت کا حامل ہے،آج کے دن یہ عہد کرنے کی ضرورت ہے کہ ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے ، باہم مل کر اور متحد ہو کر پیار اور محبت کے دیئے جلائیں گے اور پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے ، پاکستانی قوم نے یکجا ہو کر ہمیشہ مثالی کارنامے سر انجام دےے ہیںاور کامیاب ہوئی ہے ،عدم برداشت جیسی عفریت سے چھٹکارہ پانے کےلئے اخوت و اتحاد اور بھائی چارے کی ضرورت ہے، قوم کے نونہالوں کی تعلیم و تربیت کاکام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، پاکستان سویٹ ہوم کی رکنیت سازی کے حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کرنے کےلئے پی ٹی وی آئندہ ہفتے ایک مہم شروع کرے گا۔ جمعہ کو یہاں پاکستان سویٹ ہومز میں یوم پاکستان کے حوالے سے ”پاکستان ڈے پریڈ“ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ 23 مارچ یوم پاکستان کا دن تاریخی اہمیت کا حامل ہے جس روز قرارداد پاکستان منظور ہوئی تھی اور علامہ اقبال کے خواب کی تعبیر کے لئے قائداعظم محمد علی جناح نے تحریک کی بنیاد رکھی اور ہر شخص نے اس میں اپنا کردار ادا کیا اور تحریک کی کامیابی سے پاکستان معرض وجود میں آیا۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستان سویٹ ہومز کے بچوں کے ساتھ شامل ہونے کے علاوہ یہ عہد کرنے کی بھی ضرورت ہے کہ ہم سب اپنی زندگیوں میں ان بچوں کو شامل کریں جن کے والدین دہشت گردی میں یا ایسے والدین جن کے بچے دہشت گردی کی جنگ میں شہید ہوئے ہیں، ان کو اپنی زندگیوں میں شامل کیا جائے۔