وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کی ڈی سی فیصل آبادسے ملاقات، فنڈز کے بروقت و شفاف استعمال کی ہدایت

68

فیصل آباد۔22نومبر (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو گھر کی دہلیز پر تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے انتہائی سنجیدہ ہے اور اس ضمن میں بھرپور وسائل بروئے کار لارہی ہے لہٰذا متعلقہ ضلعی انتظامی و سرکاری ادارے انفراسٹرکچر کی بہتری،تعلیم و صحت، فراہمی و نکاسی آب، سڑکات کی تعمیر، مراکز صحت کی حالت بہتر بنانے، پارکس کی رینوویشن، کمیونٹی سنٹرز اور سپورٹس کمپلیکس کو فعال بنانے کیلئے ہر ممکن ضروری اقدامات یقینی بنائیں اور اس ضمن میں حکومت کی طرف سے فراہم کردہ فنڈز کے شفاف و بروقت استعمال کو بھی یقینی بنایا اور معیاری میٹریل کے استعمال پر کوئی کمپرومائز نہ کیا جائے۔وہ پیر کے روز ڈپٹی کمشنر فیصل آباد علی شہزاد سے ان کے دفتر میں ملاقات کے دوران اظہار خیال کررہے تھے۔اس موقع پرتمام اداروں کے ضلعی سربراہان نے وزیر مملکت کو اپنے اداروں کی کارکردگی بارے بریفنگ بھی دی۔

وزیر مملکت نے کہا کہ شہر میں بہت سے کمیونٹی سنٹر اور سپورٹس کمپلیکس خالی پڑے ہیں اسلئے وہ چاہتے ہیں کہ صنعت زار کا ویلفیئر کا ادارہ انہیں چلائے تاکہ کمیونٹی سنٹر لوگوں کی صحیح طرح خدمت کرسکیں۔انہوں نے سائنس کالج کے زیر تعمیر ملٹی پرپز ہال بارے دریافت کیا جس پر ڈپٹی کمشنر نے انہیں بتایا کہ یہ ہال چھ ماہ میں بن جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے مینارٹی پیکیج کیلئے تین سو ملین روپے رکھے ہیں لہٰذا اقلیتوں کو ضروری سہولیات کی فراہمی کیلئے اس پیکیج پر جلد از جلد عملدرآمد کیا جائے اور ان پیسوں کو ضائع ہونے سے بچایا جائے۔اس پر ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ اس رقم کو دسمبر سے تیس جون تک ہر حال میں استعمال کیا جائے گاجس پر فرخ حبیب نے انہیں ہدایت کی کہ تمام کاموں کیلئے فوری جنرل ایس او پیز بنا لئے جائیں اوربروقت کام شروع کردیا جائے۔

وزیر مملکت نے فیصل آباد کیلئے اعلان کردہ چیف منسٹرز پیکیج پر برق رفتاری سے کام شروع کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ سب کام معیاری ہونے چاہئیں جس کے ساتھ ساتھ واٹر فلٹریشن پلانٹس جلد از جلد مکمل کئے جائیں اور اگر کسی جگہ کوئی رکاوٹ درپیش آئے تو فوری انہیں آگاہ کیا جائے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ حکومت مختلف مدات میں متفرق منصوبوں کیلئے اربوں روپے کے فنڈز جاری کرچکی ہے اسلئے کسی تاخیر کے بغیر تعمیراتی و ترقیاتی سرگرمیوں میں تیزی لائی جائے تاکہ شہریوں کی سہولیات میں اضافہ اور ان کے مسائل کے خاتمہ سمیت ان کو بھرپور ریلیف مل سکے۔

انہوں نے ڈپٹی کمشنر، محکمہ بلدیات و دیہی ترقی، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ،سوئی ناردرن گیس پائپ لائنزلمیٹڈ، فیصل آباد ترقیاتی ادارہ، واسا، پی ایچ اے،ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور دیگر اداروں کے حکام سے توقع ظاہر کی کہ وہ اپنے اپنے محکموں کی سکیموں کو جلد از جلد مکمل کرنے میں کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہیں کریں گے۔انہوں نے مذکورہ محکموں کے حکام کو اپنے تمام ممکن تعاون کا بھی یقین دلایا۔