اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے سی پی این ای کے نو منتخب صدرکاظم خان، سیکرٹری جنرل عامر محمود اور دیگر عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے کہ سی پی این ای کی نومنتخب قیادت آزادی صحافت کے فروغ میں اپنا کلیدی کردار ادا کریگی۔جمعرات کو اپنے تہنیتی پیغام میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور انکی حکومت آزادی صحافت پر کامل یقین رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کے دستخط کے بعدپروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز ایکٹ 2021 لاگو ہوچکا ہے،یہ قانون ورکنگ جرنلسٹس،میڈیا ورکرز کی ملازمتوں ، حقوق اور زندگیوں کاضامن ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فیک نیوز ایک بڑا چیلنج ہے، اس سے نبردآزما ہونے کے لئے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے۔