وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کی جاپانی سفیر تاکاشی کورے کے ساتھ ملاقات میں گفتگو

114
APP59-24 ISLAMABAD: November 24 - H.E. Takashi Kurai, Ambassador of Japan to Pakistan called on Marriyum Aurangzeb, Minister of State for Information, Broadcasting & National Heritage. APP

اسلام آباد ۔ 24 نومبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان جاپان کو قریبی دوست اور ایک بااعتماد اقتصادی شراکت دار تصور کرتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان بالخصوص میڈیا، تجارت ، سرمایہ کاری، انفراسٹرکچر، توانائی اور اداروں کی استعداد کار میں اضافہ کیلئے زیادہ سے زیادہ تعاون چاہتا ہے۔ جمعرات کو یہاں جاپانی سفیر تاکاشی کورے کے ساتھ ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جاپان کے ساتھ وزارتی سطح کے دورے اطمینان بخش ہیں ، ان دوروں سے دونوں ممالک کے عوام کے باہمی فائدہ کیلئے دو طرفہ تعلقات میں مزید اضافہ میں مدد مل سکتی ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتی ہے اور معلومات تک عوام کی رسائی کو یقینی بنانے کیلئے پارلیمنٹ میں آر ٹی آئی بل متعارف کرا رہی ہے جو جمہوری معاشرہ کیلئے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پاکستان میں آزاد میڈیا کی ترقی کیلئے سہولت فراہم کرنے کا عزم کر رکھا ہے اور اس سلسلہ میں تربیت، پیشہ وارانہ ترقی اور استعداد کار میں اضافے کیلئے اپنے تمام وسائل استعمال کرے گی۔