
اسلام آباد ۔ 06 اپریل (اے پی پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم ہیلتھ کیئر پروگرام کا مقصد صحت کی سہولیات تک عوام کی بلاامتیاز رسائی یقینی بنانا ہے، تعلیم یافتہ اور صحت مند پاکستان سے ترقی یافتہ، خوشحال اور مستحکم ملک کا خواب پورا کیا جا سکتا ہے، صحت کے شعبہ میں بہتری اور آگاہی کیلئے سرکاری کے ساتھ ساتھ نجی شعبہ بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو عالمی یوم صحت کے حوالہ سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ہیلتھ کیئر پروگرام ایشیاءکا سب سے بڑا پروگرام ہے، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار حکومت نے ہیلتھ پروگرام شروع کیا ہے کیونکہ پاکستان کی ترقی صحت مند پاکستان میں ہے، وزیراعظم نے جو صحت کی سہولیات کی فراہمی کا پروگرام شروع کیا ہے، اس پروگرام میں نجی ہسپتال بھی شامل ہیں، صحت کی سہولتوں کی فراہمی میں پرائیویٹ سیکٹر اہم کردار ادا کر رہا ہے، شفاءانٹرنیشنل ہسپتال بھی ہیلتھ کیئر پروگرام میں کردار ادا کر رہا ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ تعلیم یافتہ اور صحت مند قوم کے بغیر ملکی ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے بچوں کی صحت کےلئے خصوصی اہتمام کیا جا رہا ہے، ہیلتھ کیئر پروگرام کے تحت پرائمری سطح کی غذائی قلت پر قابو پایا جائے گا۔