وزیر مملکت اطلاعات و نشریات کا پریس کانفرنس سے خطاب

134
APP72-30 ISLAMABAD: November 30 - Minister of State for Information, Broadcasting and National Heritage Ms. Marriyum Aurangzeb and Daniyal Aziz, MNA addressing a press conference. APP photo by Irshad Sheikh

اسلام آباد ۔ 30 نومبر (اے پی پی) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان آج پھرپانامہ لیکس کیس میںکسی بھی قسم کے شواہد پیش کرنے میں بری طرح ناکام ہوئے ہیں‘ پی ٹی آئی کا پورا کیس اخباری تراشوں پر مشتمل ہے‘ وزیراعظم کو 18کروڑ عوام نے منتخب کیا ہے ‘2018ءمیں توانائی سمیت تمام منصوبے مکمل کرکے عوام کی عدالت میں جائیں گے‘ وزیراعظم محمد نواز شریف اور ان کے بچوں کے پٹیشن کے حوالے سے تمام شواہد عدالت میں پیش کردیئے گئے ہیں‘ ہمارے وکیل تمام شواہد اور تفصیلات بھی عدالت کے سامنے رکھیں گے‘ ہمارے شواہد پر عمران خان کے وکلاءنے دلائل دیئے۔ وہ بدھ کو پی آئی ڈی کے میڈیا سینٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اگلے الیکشن میں ناکامی واضح نظر آچکی ہے اسلئے وہ جھوٹ اور الزامات کی بھرمار کررہے ہیں۔ وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج پھر عمران خان نے عدالتی کارروائی کے حوالے سے جھوٹ پر مبنی پریس کانفرنس کرکے قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے‘عدالت کی تمام کارروائی کو توڑ موڑ کر پیش کیاہے‘ججز نے جو باتیں جس تناظر میں کیں ان باتوں کا پس منظر نہیں بتایا گیا ۔انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کے حوالے سے پی ٹی آئی کے کیا الزامات تھے‘آج ان الزامات کو پی ٹی آئی بھول گئی ہے ‘عمران خان کے وکیل نے جو دلائل دیئے وہ وزیراعظم محمد نواز شریف اور ان کے بچوں کی جانب سے جمع کرائے گئی دستاویزات سے دیکھ کر دیئے گئے ہیں‘ عدالت میں آج پھر وزیراعظم محمد نواز شریف کا قوم سے خطاب ‘پارلیمنٹ سے خطاب کی تقریر‘ قطری خط‘مریم نواز سے متعلق دستاویزات کو پڑھا گیا۔انہوں نے کہا کہ یہ اٹل حقیقت ہے کہ پانامہ لیکس کے معاملے سے وزیراعظم محمد نواز شریف کا کوئی تعلق نہیں ہے۔وزیراعظم محمدنواز شریف اور ان کے بچوں کی جانب سے تمام شواہد عدالت میں پیش کیے گئے ہیں۔