اسلام آباد ۔ 2 اگست (اے پی پی) وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت انجینئر محمد بلیغ الرحمن کی زیر صدارت 8 ویں بین الصوبائی وزراءتعلیم کانفرنس گلگت میں شروع ہو گئی۔ کانفرنس کی افتتاحی تقریب کے موقع پر گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر بلیغ الرحمن نے کہا کہ ہمارے مذہب میں تعلیم انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور ہم یہاں تعلیم کے مستقبل کے بارے میں غور کرنے کیلئے جمع ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کی وزارت صوبوں کو منتقل ہو چکی ہے اور ہم آئین کا احترام کرتے ہیں تاہم مرکز کی یہ ذمہ داری ہے کہ تعلیم کے فروغ اور ترویج کیلئے پلیٹ فارم فراہم کرے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ یہاں جو بھی فیصلہ ہو گا تمام صوبوں کی مشاورت اور رضا مندی سے ہو گا اور اگر کوئی صوبہ کسی شق سے اختلاف کرتا ہے تو اس کو فیصلہ کا حصہ نہیں بنایا جائے گا۔