اسلام آباد۔7جنوری (اے پی پی):وزیرمملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے قومی ترقی کے لئے سیٹلائٹ ٹیکنالوجی کی مکمل صلاحیت کو کھولنے کے لئے پاکستان کی پالیسیوں کو عالمی معیارات کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔منگل کو وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سے جاری بیان کے مطابق سٹار لنک اور ایل ای او سیٹلائٹ لائسنسنگ کے حوالے سے وزیر مملکت کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں لو ارتھ آربٹ سیٹلائٹس کے لئے سٹار لنک کے لائسنسنگ اور ریگولیٹری فریم ورک پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سیکرٹری آئی ٹی و ٹیلی کام ضرار ہاشم خان، سپیشل سیکرٹری وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام اظفر منظور، چیئرمین پاکستان سپیس ایکٹیویٹی ریگولیٹری بورڈ عامر سرفراز احمد، چیئرمین سپارکومحمد یوسف خان، چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان، ممبر ٹیلی کام جہانزیب رحیم اور اہم اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران یہ فیصلہ کیا گیا کہ ضوابط کے لئے کنسلٹنٹ کی بھرتی چند ہفتوں میں مکمل کر لی جائے گی۔
اجلاس میں لو ارتھ آربٹ سیٹلائٹس کے لئے ایک مضبوط ریگولیٹری فریم ورک کو یقینی بنانے ، کنکٹیویٹی کو بڑھانے اور تکنیکی جدت کو آگے بڑھانے کے لئے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔ وزیر مملکت نے قومی ترقی کے لئے سیٹلائٹ ٹیکنالوجی کی مکمل صلاحیت کو کھولنے کے لئے پاکستان کی پالیسیوں کو عالمی معیارات کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔