اسلام آباد ۔ 30 مارچ (اے پی پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے دہشت گردی کی لعنت اور توانائی کی قلت جیسے بڑے چیلنجز پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ پائیدار اقتصادی نمو حاصل کرنے کے وعدے پورے کئے اور آئندہ انتخابات کارکردگی کی بنیاد پر لڑے گی،پاکستان فیصلہ کن دور سے گزر رہا ہے اور جمہوریت مضبوط ہو رہی ہے ، چین پاکستان اقتصادی راہداری ملک کے لئے ایک نعمت ہے جس سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورا خطہ آپس میں منسلک ہو جائے گا ۔ ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے ہیڈ کوارٹرز کے دورہ کے موقع پر ”اے پی پی“ کو خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت دیگر جماعتوں کی پالیسیوں کا مقابلہ اپنی کارکردگی کے ساتھ کر رہی ہے جس کے نتیجے میں پاکستان بدل رہا ہے اور یہاں استحکام آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب سیاست اور کارکردگی ایک دوسرے سے منسلک ہیں اور عوام جماعتوں کو کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دیں گے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان فیصلہ کن دور سے گزر رہا ہے ‘ یہاں جمہوریت مضبوط ہو رہی ہے، ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جارہے ہیں اور جمہوری عمل میں عوام کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنے منشور میں کئے گئے وعدے پورے کئے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ جس وقت پاکستان مسلم لیگ (ن) نے حکومت سنبھالی تو ملک میں 16 سے 17 گھنٹوں کی روزانہ لوڈشیڈنگ ہو رہی تھی لیکن اب صورتحال واضح طور پر مختلف ہے۔ شہروں میں لوڈ شیڈنگ کم ہو کر تین گھنٹے اور دیہی علاقوں میں 6 گھنٹے تک آگئی ہے، 14 سال کے بعد گزشتہ دو سالوںسے صنعتوں کو بلاتعطل بجلی فراہم کی جارہی ہے جس کے نتیجے میں ملکی معیشت اور روزگار پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=48501