وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس

141
APP91-16 ISLAMABAD: November 16 - Minister of State for IB&NH Marriyum Aurangzeb in a meeting with Officers at Information Services Academy. APP

اسلام آباد ۔ 16 نومبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سرکاری افسران کی تربیت اور نجی شعبہ میں میڈیا مینجمنٹ کی سکلز میں اضافہ جدید، عالمگیر رجحانات اور تشہیر کی جدید تکنیکوں بشمول سوشل میڈیا کے موثر استعمال کے ساتھ ہونی چاہئے تاکہ پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کیا جا سکے، انفارمیشن سروس اکیڈمی کو کمیونیکیشن اور میڈیا ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے اعلیٰ منظم ادارے کے فعال طور کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو انفارمیشن سروس اکیڈمی میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ وزیر مملکت نے کہا کہ مستقبل کے تربیتی کورسز بہتر طور تیار کئے جانے چاہئیں جو جدید ٹیکنالوجی کی مہارتوں سے ہم آہنگ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی اور عالمی سطح پر پروفیشنل میڈیا انسٹی ٹیوٹس اور ان کے متعلقہ تربیتی ماڈیولز کا جائزہ لیا جائے اور اس کے مطابق نئے مجوزہ تربیتی منصوبہ کیلئے ایک جامع سٹرٹیجی تیار کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اکیڈمی افسران کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافہ کیلئے مختلف تربیتی مواقع کی نشاندہی کرے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اور عوامی اہمیت کے ایشوز پر سیمینار اور گروپ مباحثوں کے اہتمام پر توجہ دی جائے تاکہ متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے درمیان آسان رابطہ کو یقینی بنایا جا سکے۔ وزیر مملکت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سہ ماہی کیلنڈر اور اہم کارکردگی اشاریوں کے ساتھ سالانہ تربیتی پلان تیار کیا جائے۔ انہوں نے مستقبل کے تربیتی پروگراموں کی تیاری کیلئے اضافی سرکاری و نجی شراکت داری کی ضرورت پر بھی زور دیا۔