
اسلام آباد ۔ 09 نومبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کے تشخص کو بہتر بنانے کیلئے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔ وہ بدھ کو یہاں وزارت اطلاعات و نشریات کے ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تجارتی شعبے میں آسانی کے حامل دنیا کے 10 بہترین ممالک میں شامل ہے اور اقتصادی بہتری کو بروئے کار لاتے ہوئے دنیا میں اس پیغام کو اجاگر کیا جانا چاہئے کہ پاکستان سرمایہ کاری کیلئے ایک بہترین ملک ہے۔ وزیر مملکت نے ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ کے افسران سے کہا کہ وہ پاکستان اور اس کے عوام سے متعلق غلط فہمیاں دور کرنے کیلئے غیر ملکی میڈیا سے قریبی روابط استوار کریں۔ حکومت رائے عامہ کی تشکیل میں میڈیا کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہے اور اس لئے بیرون ملک پریس افسران سے توقع ہے کہ وہ ملک کے اعلیٰ ترین مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے عالمی اہمیت کے مختلف ایشوز پر پاکستان کے موقف کو واضح طور اجاگر کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بہت سے اچھے کام کئے ہیں اور حکومت کی ان کامیابیوں کو واضح کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جب پاکستان مسلم لیگ (ن) 2013ءمیں برسر اقتدار آئی تو پاکستان کو مختلف بحرانوں کا سامنا تھا تاہم 3 سال کے بعد پاکستان کے حالات پہلے سے کہیں بہتر ہیں۔